منگلورو ،2؍ اپریل (ایس او نیوز) گنگولی سے 20 ناٹیکل میل کی دوری پر بیچ سمندر میں ایک ماہی گیر کشتی تیز لہروں کی زد میں آ کر غرقاب ہوگئی مگر اس پر موجود 5 مچھیروں کو بچا لیا گیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کا شکار ہونے والی 'منال' نامی کشتی محمد حنیف نامی شخص کی ملکیت تھی اور وہ 29 مارچ کو ملپے بندرگاہ سے مچھلی کے شکار پر نکلی تھی ۔ اس پر ناگپّا راما، سچن الاس ، دیپک نارائنا کھاروی، سبھاش گنگیشورا اور سورج کمار نامی مچھیرے سوار تھے ۔ 30 مارچ کی آدھی رات کو گنگولی کے گہرے سمندر میں بہت تیز موجیں اٹھنے لگیں جس کے نتیجہ میں کشتی کی تہہ میں موجود فائبر شیٹ پھٹ گئی اور پانی اندر گھسنے سے وہ غرقاب ہوگئی ۔ جب کشتی سمندر میں ڈوبنے لگی تو قریب ہی مچھلی کا شکار کر رہے دگمبرا کھاروی اور ان کی ٹیم نے حادثہ کا شکار کشتی کے ماہی گیروں کو بچانے کا کام انجام دیا ۔ کشتی غرقاب ہونے کی وجہ سے جو نقصان ہوا ہے اس کا اندازہ 25 لاکھ روپے لگایا گیا ہے ۔